مہنگائی کے پیش نظر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے حکومت سندھ نے رمضان المبارک کے دوران سندھ بھر میں بچت بازار قائم کرلئے ہیں۔ سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومت سندھ یہ اقدام سندھ حکومت کی عوام دوست پالیسی کا حصہ ہے اور اس اقدام کا مقصد عوام کو بنیادی اشیائے ضروریہ سستے داموں فراہم کرنے اور متوسط و کم آمدنی والے طبقے کو مہنگائی کے اثرات سے محفوظ رکھنا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے، اور بچت بازاروں کا قیام اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے تاکہ عوام پر مہنگائی کے بوجھ کو کم کیا جا سکے۔ ان بازاروں میں روزمرہ استعمال کی اشیاء کم قیمت پر دستیاب ہوں گی تاکہ عام آدمی کی مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ حکومت سندھ نے ان بازاروں کی شفافیت اور انتظامی نگرانی کو یقینی بنانے کے لیے جامع اقدامات کیے ہیں۔ ہر بازار میں سرکاری افسران کو تعینات کیا گیا ہے تاکہ قیمتوں پر نظر رکھی جا سکے اور کسی بھی قسم کی ناجائز منافع خوری، ذخیرہ اندوزی یا بدانتظامی کی فوری روک تھام کی جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ناجائز منافع خوری اور بدانتظامی کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ قیمتوں کے استحکام اور اشیاء کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے بچت بازاروں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ عوام ان بازاروں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور اگر کسی بھی قسم کی شکایت ہو تو براہ راست متعلقہ افسران تک پہنچائیں۔